امریکہ کی بھارت پر کڑی تنقید، تجارتی بات چیت میں رکاوٹ کا الزام

02:05 PM, 13 Aug, 2025

واشنگٹن: امریکہ کے وزیر خزانہ، سکاٹ بیسنٹ نے بھارت پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ امریکہ کے ساتھ تجارتی مذاکرات میں تعاون نہیں کر رہا اور مسلسل ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کر رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بھارت کا رویہ معاہدوں کو مکمل کرنے میں بڑی رکاوٹ بن گیا ہے۔

ایک انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ امریکہ اس وقت بھارت اور سوئٹزرلینڈ سمیت کئی ملکوں کے ساتھ تجارتی معاہدوں پر بات چیت کر رہا ہے، اور امید ہے کہ اکتوبر کے آخر تک ان مذاکرات کو مکمل کر لیا جائے گا۔ تاہم بھارت کی جانب سے سخت موقف اپنایا جا رہا ہے جو ان کوششوں کو متاثر کر رہا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ امریکہ آئندہ دو سے تین مہینوں میں چین کے ساتھ اہم ملاقات کرے گا، جس میں دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعلقات کے مستقبل پر بات چیت ہوگی۔

اسی دوران امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان، ٹیمی بروس نے بتایا کہ حالیہ دنوں میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی میں شدت آ سکتی تھی، مگر امریکہ کی بروقت مداخلت سے بڑے نقصان سے بچا لیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ خطے میں امن قائم رکھنے کے لیے دونوں ممالک کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت پر مزید 25 فیصد ٹیرف (ٹیکس) لگا دیا ہے، جس کے بعد کل امریکی ٹیرف 50 فیصد تک پہنچ چکا ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ اقدام بھارت پر دباؤ ڈالنے کی کوشش ہے تاکہ وہ مذاکرات میں لچک دکھائے۔

مزیدخبریں