دہشتگردی سے نمٹنے کیلئےامریکا اور پاکستان نےتعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا،ٹیمی بروس

09:46 AM, 13 Aug, 2025

واشنگٹن : امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے بتایا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان دہشتگردی کے خلاف تعاون بڑھانے کے حوالے سے مذاکرات ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے دہشتگردی کے خلاف اپنی مشترکہ وابستگی کی تصدیق کی ہے اور اس پر مزید تعاون کے طریقوں پر غور کر رہے ہیں۔

ٹیمی بروس نے اس بات کو بھی واضح کیا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان اور بھارت کے تنازعے کو سنبھالنے میں اہم کردار ادا کیا، جس سے اس تنازعے کی شدت کم ہوئی اور خطے میں امن کا قیام ممکن ہوا۔ ان کے مطابق، امریکا کی قیادت نے اس خطرناک صورتحال کو قابو میں کیا اور ایک ممکنہ تباہی کو ٹال دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکا کے پاس پاکستان اور بھارت کے تنازعات کو حل کرنے کا کافی تجربہ ہے اور اس تجربے کو استعمال کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان پائیدار تعلقات قائم کرنے کی کوششیں کی گئی۔ ٹیمی بروس نے یہ بھی کہا کہ امریکا کے لیے یہ خوشی کی بات ہے کہ وہ دونوں ممالک کے ساتھ تعاون کر رہا ہے اور یہ عالمی سطح پر ایک مثبت قدم ثابت ہو گا۔

ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ صدر ٹرمپ کا عزم ہے کہ دنیا بھر میں تنازعات کا خاتمہ ہو اور امن قائم ہو۔ اس سلسلے میں وزیر خارجہ مارکو روبیو اور روسی وزیر خارجہ کے درمیان بھی ملاقات ہو چکی ہے، جس میں پیوٹن اور صدر ٹرمپ کے درمیان ممکنہ ملاقات کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔

مزیدخبریں