کراچی میں آتشبازی کا شاندار مظاہرہ، آسمان پر رنگ و روشنی کا سماں

09:37 AM, 13 Aug, 2025

کراچی : کراچی میں یوم آزادی کی تقریبات کے دوران گورنر ہاؤس میں ایک حیرت انگیز آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا، جس نے آسمان کو رنگ و روشنی سے سجا دیا۔ اس تقریب میں دنیا کی سب سے طویل آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا، جو ایک گھنٹہ 16 منٹ تک جاری رہا اور اس نے عالمی ریکارڈ قائم کر لیا۔ گنیز ورلڈ ریکارڈ کے نمائندے بھی اس ریکارڈ کی تصدیق کے لیے موجود تھے۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی صدارت میں ہونے والی اس تقریب میں شہر بھر سے بڑی تعداد میں لوگ شریک ہوئے۔ گورنر ہاؤس میں ایشیا کا سب سے بڑا سٹیج بھی تیار کیا گیا تھا، جہاں عالمی شہرت یافتہ گلوکار کیفی خلیل اور علی ظفر نے اپنے فن کا بھرپور مظاہرہ کیا۔

گورنر ہاؤس کے ترجمان کے مطابق، اس آتشبازی کے مظاہرے کو گنیز ورلڈ ریکارڈ میں شامل کرانے کی کوشش کی گئی۔

شہریوں نے اس شاندار آتشبازی اور فنکاروں کی پرفارمنس سے خوب لطف اٹھایا اور کراچی میں یوم آزادی کی تقریبات نے ایک خاص رنگ جمایا۔

مزیدخبریں