اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس کا باضابطہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے کابینہ کو خطے کی صورتحال اور پاکستان کی جانب سے جاری امن سفارتی کوششوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس میں وفاقی کابینہ نے متفقہ طور پر قراردادِ تشکر منظور کرتے ہوئے امن مذاکرات میں پاکستان کے فعال کردار کو سراہا۔ قرارداد میں ایران اور امریکہ کے درمیان تاریخی امن مذاکرات کے انعقاد پر وزیراعظم، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
قرارداد میں کہا گیا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو خطے اور عالمی سطح پر امن کے فروغ کا ایک اہم موقع عطا کیا، جس پر کابینہ نے شکرانے کا اظہار کیا۔
مزید کہا گیا کہ پاکستان نے اپنی قیادت اور متعلقہ ٹیموں کے ساتھ مل کر دو متحارب فریقوں کو مذاکرات کی میز پر اکٹھا کیا، جس کے نتیجے میں دہائیوں سے جاری کشیدگی میں نمایاں کمی واقع ہوئی۔
قرارداد میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ سینیٹر اسحاق ڈار اور عسکری قیادت نے مسلسل محنت اور حکمت عملی کے ساتھ اس عمل کو کامیابی سے آگے بڑھایا۔
اعلامیے کے مطابق پاکستان کا یہ کردار عالمی سطح پر ایک اہم سنگِ میل کے طور پر یاد رکھا جائے گا، اور امید ظاہر کی گئی کہ یہ اقدامات خطے میں دیرپا امن کے قیام میں مددگار ثابت ہوں گے۔