بیجنگ :عالمی طاقت چین نے مشرقِ وسطیٰ کے تنازع کے حل کے لیے اسلام آباد میں ہونے والی سفارتی کوششوں کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اسے خطے کے لیے ایک "امید کی کرن" قرار دیا ہے۔ چینی وزارتِ خارجہ نے زور دیا ہے کہ فریقین جنگ بندی کی پاسداری کریں تاکہ توانائی کے عالمی بحران سے بچا جا سکے۔
چینی حکام نے اپنے حالیہ بیان میں واضح کیا کہ وہ اسلام آباد میں ہونے والی پیش رفت کو عالمی امن کے لیے انتہائی اہم سمجھتے ہیں۔ بیان کے مطابق چین کو امید ہے کہ متعلقہ ممالک اشتعال انگیزی کے بجائے مذاکرات کے ذریعے مسائل کا حل نکالیں گے۔کشیدگی میں کمی لانے کے لیے صرف بیانات نہیں بلکہ زمین پر ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے۔
امریکہ اور ایران کے درمیان بحری ناکہ بندی کی دھمکیوں پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے چین نے کہا آبنائے ہرمز عالمی تجارت کی شہ رگ ہے۔ ہم تمام فریقین سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ انتہائی ضبط اور تحمل کا مظاہرہ کریں۔ چین توانائی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے تمام فریقین کے ساتھ تعاون بڑھانے کے لیے تیار ہے۔
سیاسی ماہرین کا کہنا ہے کہ چین کا یہ بیان براہِ راست واشنگٹن کے لیے ایک پیغام ہے کہ یکطرفہ ناکہ بندی یا طاقت کا استعمال عالمی معیشت کو خطرے میں ڈال سکتا ہے۔ دوسری طرف، چین نے پاکستان کے مصالحتی کردار کی توثیق کر کے یہ ثابت کر دیا ہے کہ بیجنگ خطے میں امن کے قیام کے لیے اسلام آباد کے ساتھ کھڑا ہے۔
چین کا 'اسلام آباد مذاکرات' پر خیر مقدم: آبنائے ہرمز میں کشیدگی روکنے کے لیے فریقین کو تحمل کی تاکید
04:19 PM, 13 Apr, 2026