پاکستان پیڈل فیڈریشن کا بڑا قدم، قومی سطح پر ٹورنامنٹ کا شاندار انعقاد

07:41 PM, 13 Apr, 2025

کراچی: پاکستان پیڈل فیڈریشن کے زیر اہتمام نیشنل پیڈل چیمپئن شپ 11 سے 13 اپریل کے دوران کراچی میں ایک نجی پیڈل کورٹ پر کامیابی سے منعقد کی گئی۔ اس تین روزہ ٹورنامنٹ میں ملک بھر سے پیڈل کھلاڑیوں نے بھرپور حصہ لیا، جس سے کھیل کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کا ثبوت ملا۔

مردوں کی کیٹیگری میں کراچی کے عدیل اللہ والا اور ہشیش کمار نے نمایاں کارکردگی دکھاتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کیا، جبکہ خواتین کے مقابلوں میں کراچی ہی کی ثنا طابہ اور ناتالیا زمان فاتح رہیں۔ مکسڈ ڈبلز میں اسلام آباد کے سامی زیب اور سارہ منصور نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔

تقریبِ اختتام کے موقع پر پاکستان پیڈل فیڈریشن کے سینئر نائب صدر مسرر رزاق آرائیں نے کھلاڑیوں میں انعامات اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی، لاہور اور اسلام آباد جیسے بڑے شہروں میں پیڈل کھیل تیزی سے مقبول ہو رہا ہے اور نوجوانوں کی دلچسپی میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

پیڈل کو عام طور پر ٹینس اور اسکواش کا ملاپ سمجھا جاتا ہے، جس میں کھیل کے کئی اصول ٹینس سے جبکہ کچھ اسکواش سے لیے گئے ہیں، جس کی وجہ سے یہ کھیل مزید منفرد اور پرکشش ہو گیا ہے۔

چیمپئن شپ کے کامیاب انعقاد کو پاکستان میں پیڈل کھیل کے فروغ کے لیے اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے اور آنے والے دنوں میں مزید ٹورنامنٹس اور تربیتی مواقع فراہم کیے جانے کی توقع کی جا رہی ہے۔

مزیدخبریں