فلسطین کے لیے پاکستانیوں کا مضبوط پیغام، 22 اپریل کو شٹر ڈاؤن ہڑتال ہوگی: حافظ نعیم الرحمٰن

07:13 PM, 13 Apr, 2025

کراچی: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے اعلان کیا ہے کہ 22 اپریل کو فلسطین سے یکجہتی کے اظہار کے طور پر ملک بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ احتجاج کسی مخصوص جماعت کا نہیں بلکہ اہلِ فلسطین کے لیے پاکستانی عوام کا پیغام ہوگا۔

کراچی کی معروف شاہراہ فیصل پر جماعت اسلامی کے زیرِ اہتمام ہونے والے غزہ یکجہتی مارچ میں مرد و خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جس نے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ پاکستانی قوم کی وابستگی کا ثبوت دیا۔

مارچ سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم نے کہا کہ کراچی نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ یہ شہر امتِ مسلمہ کا درد رکھنے والا مرکز ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ غزہ میں جاری مظالم انسانیت سوز ہیں، اور وہاں کا المیہ بیان سے باہر ہے۔

انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں کا قتل عام جاری ہے جبکہ اقوام متحدہ محض قراردادیں منظور کرنے تک محدود ہے۔ ان کے مطابق اسرائیل حماس کے مقابل شکست کھا چکا ہے اور اب وہ معصوم بچوں سے بدلہ لے رہا ہے، لیکن جلد فلسطین آزاد ہوگا۔

امیر جماعت اسلامی نے حکومتی رویے کو کمزور اور غیر مؤثر قرار دیتے ہوئے کہا کہ معاشی بہانے بنا کر اسرائیلی درندگی پر خاموشی بزدلی ہے۔ وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ محض بیانات سے بات نہیں بنے گی، فیصلہ کن اقدام اور قومی اجلاس بلایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ مغربی طاقتوں کا اصل چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے۔ ہم امریکہ اور اسرائیل کی کھل کر مذمت کرتے ہیں، اگر کسی کو اس پر اعتراض ہے تو وہ جان لے کہ ہم مظلوموں کے ساتھ کھڑے ہیں، نہ کہ ظالموں کے سامنے سر جھکانے والے۔

مزیدخبریں