وزیراعظم شہباز شریف کا بیلا روس دورہ، 150,000 پاکستانیوں کی ملازمت کے مواقع پر بات چیت

06:38 PM, 13 Apr, 2025

لندن: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ان کا حالیہ بیلا روس کا دورہ بہت مفید رہا، جس میں زراعت اور معدنیات کے شعبوں میں باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھا کر ترقی کے نئے راستے کھول سکتے ہیں، خاص طور پر معدنی مشینری کے حوالے سے جہاں بیلا روس عالمی سطح پر جانا جاتا ہے۔

لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا، "پنجاب اسپیڈ اور پاکستان اسپیڈ ایک ہی تھی، اب ہمارا سفر ‘سپر پاکستان اسپیڈ’ کی طرف جا رہا ہے۔" انہوں نے مزید کہا کہ اجتماعی کوششوں اور قوم کی دعاؤں کی بدولت پاکستان جلد اپنی منزل تک پہنچے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور افواج کی عظیم قربانیاں ضائع نہیں ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں قدرتی وسائل کی کوئی کمی نہیں ہے اور اس دورے کے دوران کان کنی کے شعبے میں مشینری کی فراہمی پر بات چیت ہوئی۔

وزیراعظم نے مزید بتایا کہ ڈیڑھ لاکھ پاکستانی ہنر مند افراد کو بیلا روس بھیجنے کے معاملے پر بھی بات چیت کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں ہم پاکستان کی خدمت کر رہے ہیں اور ہمارا مقصد ترقی یافتہ اور خوشحال پاکستان ہے۔

افغانستان کے بارے میں وزیراعظم نے کہا کہ افغانستان ہمارا ہمسایہ برادر ملک ہے، اور یہ ہم پر منحصر ہے کہ ہم اچھے ہمسایوں کی طرح رہیں یا پھر تنازعات پیدا کریں۔ انہوں نے افغان حکومت کو یاد دلایا کہ دوحہ معاہدہ کے تحت انہیں دہشت گرد تنظیموں کے خلاف سخت اقدامات کرنے چاہئیں اور اپنی سرزمین کو دہشت گردوں کے لیے استعمال ہونے سے روکنا ہوگا۔

آخر میں وزیراعظم شہباز شریف نے اوورسیز پاکستانی کنونشن کے آغاز کا اعلان کیا، جس میں اوورسیز پاکستانی اپنے مسائل اور جائز مطالبات پیش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پاکستانی محنت کش دن رات محنت کر کے نہ صرف پاکستان کا نام روشن کرتے ہیں بلکہ اربوں ڈالر بھیج کر معیشت کی مضبوطی میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ان کے مطالبات پر غور کیا جائے گا اور جلد ہی ان کے حل کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

مزیدخبریں