یوکرین کے شہر سومی میں ہلاکت خیز حملہ، صدر زیلنسکی کا شدید ردعمل

06:24 PM, 13 Apr, 2025

کیف: یوکرین کے شمالی شہر سومی میں روس کی جانب سے بیلسٹک میزائل سے کیے گئے شدید حملے میں کم از کم 32 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔ زخمیوں میں کئی افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق، یہ حملہ رواں سال یوکرین پر کیا گیا سب سے مہلک حملہ قرار دیا جا رہا ہے، جس نے ملک بھر میں خوف کی لہر دوڑا دی ہے۔ حملے سے متاثرہ علاقے میں عمارتیں تباہ ہو گئیں اور ہنگامی امدادی ٹیموں کو فوری طور پر روانہ کر دیا گیا۔

یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے اس اندوہناک واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور اسے کھلی دہشتگردی قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ حملہ ایسے وقت میں کیا گیا جب شہری عبادت کے لیے گرجا گھروں کا رخ کر رہے تھے، جو روس کی جنگی حکمت عملی کا واضح ثبوت ہے۔

صدر زیلنسکی نے اپنے بیان میں کہا کہ روس دانستہ طور پر شہریوں کو خوفزدہ کر رہا ہے تاکہ جنگ کو طول دیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ "ایسے حملوں کو مذاکرات نہیں روک سکتے، بلکہ اس کے لیے سخت عالمی ردعمل ضروری ہے۔"

انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ روس کے خلاف فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ مستقبل میں اس نوعیت کی دہشتگردی کا راستہ روکا جا سکے۔

 
 

مزیدخبریں