لاہور:پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائر کے اہم مرحلے میں کل اپنا تیسرا میچ ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گی۔ میچ 14 اپریل کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا، جو کہ دوپہر 2 بجے شروع ہوگا اور ڈے اینڈ نائٹ فارمیٹ میں کھیلا جائے گا۔
ٹیم نے ایک دن کے آرام کے بعد بھرپور پریکٹس سیشن میں حصہ لیا، جہاں ہیڈ کوچ محمد وسیم کی نگرانی میں کھلاڑیوں نے بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کی مشق کی۔ پریکٹس کے دوران پلیئرز کی تکنیکی بہتری یعنی "سکلز ڈویلپمنٹ" پر بھی خاص توجہ دی گئی۔
اب تک کھیلے گئے دو میچز میں پاکستان ٹیم نے اچھا کھیل پیش کیا ہے، اور اب اگلا ٹارگٹ ویسٹ انڈیز کی مضبوط ٹیم کے خلاف ایک اور جیت حاصل کرنا ہے۔ یہ میچ پاکستان کے لیے ورلڈ کپ تک رسائی کے سفر میں بہت اہم ثابت ہو سکتا ہے۔