استنبول : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ترکیہ کے نائب صدر جودت یلماز سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی، معاشی اور تجارتی تعاون کو فروغ دینے پر بات چیت ہوئی۔
یہ ملاقات ترکیہ میں جاری ڈپلومیسی فورم 2025 کے دوران ہوئی، جہاں نائب صدر نے مریم نواز کی شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، بالخصوص تعلیم، ہنر، اور معاشی میدان میں اشتراک پر تفصیلی گفتگو کی۔
مریم نواز نے نائب صدر کو پنجاب میں تعلیم اور فنی تربیت کے منصوبوں سے آگاہ کیا اور کہا کہ پاکستان اور ترکیہ صرف دوست نہیں بلکہ بھائی ہیں۔ ملاقات کے دوران انہوں نے ترکیہ کے نائب صدر کو پنجاب کے دورے کی دعوت بھی دی۔ وزیراعلیٰ نے سابق وزیراعظم نواز شریف اور موجودہ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے نیک تمناؤں کا پیغام بھی نائب صدر تک پہنچایا۔