ریاض: سعودی حکومت نے حج سیزن کی تیاریوں کے سلسلے میں عمرہ ویزے پر مملکت میں موجود غیر ملکی زائرین کو 29 اپریل تک اپنے وطن واپس جانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ سعودی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ مقررہ تاریخ کے بعد مملکت میں قیام کو قواعد کی خلاف ورزی تصور کیا جائے گا۔
وزارت کے مطابق 23 اپریل کے بعد مکہ مکرمہ جانے والے غیر ملکی افراد کے لیے خصوصی پرمٹ کا حصول ضروری ہوگا۔ جو لوگ کام کے سلسلے میں مکہ یا مشاعر مقدسہ جانا چاہتے ہیں، انہیں باقاعدہ اجازت نامہ آن لائن پورٹل سے حاصل کرنا پڑے گا۔
وزارت داخلہ نے واضح کیا ہے کہ بغیر اجازت مکہ جانے والوں کو راستے میں موجود چیک پوسٹوں، خصوصاً شمیسی چیک پوسٹ سے واپس لوٹا دیا جائے گا۔ یہ اقدام حج کے دوران سیکیورٹی اور انتظامی معاملات کو بہتر بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔