لاہور : محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں گرمی میں اضافے کی پیشگوئی کی ہے اور اس حوالے سے ہیٹ ویو الرٹ بھی جاری کیا ہے۔ الرٹ کے مطابق، 18 اپریل تک دن کا درجہ حرارت معمول سے 6 سے 8 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھنے کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد، وسطی اور بالائی پنجاب، خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں پیر سے جمعہ تک درجہ حرارت 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھ سکتا ہے۔ اس کے علاوہ، گرمی کی لہر کے دوران آندھی اور جھکڑ چلنے کی بھی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، گزشتہ روز ملک کے مختلف شہروں میں سب سے زیادہ درجہ حرارت نواب شاہ، حیدرآباد اور دادو میں 43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ کراچی میں 39، ڈی آئی خان میں 37، لاہور اور پشاور میں 35 اور اسلام آباد میں 33 ڈگری سینٹی گریڈ تھا۔