علی امین گنڈاپور کا سفارتی پاسپورٹ نہ ملنے پر عدالت سے رجوع

10:09 PM, 12 Sep, 2025

پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے سفارتی پاسپورٹ کے اجرا میں تاخیر پر پشاور ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹا دیا ہے۔

وزیراعلیٰ کی جانب سے عدالت میں دائر درخواست میں وفاقی حکومت، محکمہ پاسپورٹ و امیگریشن اور دیگر متعلقہ اداروں کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ علی امین گنڈاپور بطور وزیراعلیٰ آئینی طور پر سفارتی پاسپورٹ کے حق دار ہیں، تاہم متعلقہ محکمے سے رجوع کرنے کے باوجود انہیں پاسپورٹ جاری نہیں کیا جا رہا۔

درخواست گزار کے مطابق ان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ECL) اور دیگر سفری پابندیوں کی فہرستوں میں شامل کیا گیا ہے، جس کی وجہ سے ان کے سفری دستاویزات روکے جا رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ ان کا نام تمام پابندیوں کی فہرستوں سے خارج کیا جائے اور فوری طور پر انہیں سفارتی پاسپورٹ جاری کرنے کا حکم دیا جائے، تاکہ وہ سرکاری و بین الاقوامی امور کو بغیر کسی رکاوٹ کے انجام دے سکیں۔

مزیدخبریں