لیاقت پور :وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لیاقت پور کے نواحی علاقے بیٹ ظاہر پیر بند کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سیلاب سے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔
وزیراعلیٰ نے منچن بند پر کشتیوں اور بیڑوں کے ذریعے نکالے گئے متاثرین کا خود استقبال کیا۔ متاثرہ خواتین کی کشتی سے اترنے میں مدد کی، ایک بزرگ خاتون کو سہارا دے کر محفوظ مقام تک پہنچایا اور پانی کی بوتل پیش کی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ نے ننھے بچے کو گود میں اٹھا کر پیار کیا اور پانی پلایا، جس پر متاثرہ خاندانوں نے ان کے جذبۂ ہمدردی کو سراہا۔
مریم نواز نے موقع پر موجود ریسکیو اور پی ڈی ایم اے اہلکاروں کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے انہیں شاباش دی اور ہدایت کی کہ "ریسکیو آپریشن میں لائف جیکٹ اور لائف رنگ کا استعمال ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
حکام نے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ سیلاب سے نور والا، گل محمد لنگاہ، ڈیرہ فریدی اور چوہان کے علاقوں کے 35 دیہات متاثر ہوئے، جن کی کل آبادی 84 ہزار 721 ہے، جبکہ 43 مربع کلومیٹر کا علاقہ زیرِ آب آ چکا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے متاثرین کو یقین دلایا کہ حکومت ان کے ساتھ ہے، اور پانی اترتے ہی نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا۔