وزیراعظم شہباز شریف نے ٹی چوک فلائی اوور کا سنگ بنیاد رکھ دیا، راولپنڈی اسلام آباد کی سفری سہولتوں میں بہتری کا اعلان

03:55 PM, 12 Sep, 2025

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ٹی چوک فلائی اوور کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ اسلام آباد، راولپنڈی اور گردونواح کے عوام کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ اس ایک کلومیٹر لمبے فلائی اوور سے ایکسپریس وے اور دیگر علاقوں تک سفر آسان اور تیز ہو جائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ وزیرداخلہ اور کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کی جانب سے اس منصوبے پر جاری محنت قابل تعریف ہے اور ترقیاتی کاموں میں معیار کو ہمیشہ اولین ترجیح دی جائے گی۔

شہباز شریف نے پاکستان کی 2027 میں ایس سی او سمٹ کی میزبانی کی بھی یاد دہانی کرائی اور کہا کہ اس حوالے سے مکمل تیاری ابھی سے شروع کرنی ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد کو مزید خوبصورت بنانے کے لیے مختلف منصوبے جاری ہیں، جن میں شاہراہ دستور کی تزئین و آرائش بھی شامل ہے۔ چند ہفتوں میں شاہراہ دستور کے اطراف خوبصورت پھولوں کی بہار دیکھنے کو ملے گی۔

وزیراعظم نے بتایا کہ تاجکستان نے پاکستان کو تحفے میں مختلف اقسام کے پودے بھی دیے ہیں، جو شہر کی خوبصورتی میں اضافے کا باعث بنیں گے۔

اس موقع پر وزیراعظم نے راولپنڈی اسلام آباد میں سفری سہولتوں کے نئے منصوبے کا بھی ذکر کیا، جس پر محسن نقوی اور حنیف عباسی کام کر رہے ہیں۔ اس میں ریل کار کا منصوبہ بھی شامل ہے جو جڑواں شہروں کے باشندوں کے لیے سفر کو مزید آسان بنائے گا۔

ماحولیاتی تحفظ کے لیے الیکٹرک ویہیکل (ای وی) ٹرانسپورٹ کی بھی متعارفی کروائی گئی ہے۔ وزیراعظم نے وفاقی حکومت کی جانب سے جڑواں شہروں میں سفری سہولتوں کی فراہمی کے لیے مکمل تعاون جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔

مزیدخبریں