پنجاب میں سیلاب سے 97 افراد جاں بحق، 45 لاکھ سے زائد متاثر ہوئے ہیں ،پی ڈی ایم اے

02:34 PM, 12 Sep, 2025

لاہور: پنجاب میں حالیہ سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے۔ ریلیف کمشنر کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق مختلف حادثات اور پانی کے ریلوں میں بہہ جانے کے باعث اب تک 97 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دریائے چناب، ستلج اور راوی میں آنے والے سیلاب سے مجموعی طور پر 4500 سے زائد دیہات متاثر ہوئے۔

دریائے چناب کے کنارے 2334 دیہات زیرِ آب آئے ، دریائے ستلج میں طغیانی سے 672 دیہات متاثر ہوئے جبکہدریائے راوی کے آس پاس 1482 مواضعات سیلاب کی لپیٹ میں آئے۔
ریلیف کمشنر کے مطابق مجموعی طور پر 44 لاکھ 98 ہزار افراد اس قدرتی آفت سے متاثر ہوئے، جن میں سے 24 لاکھ 51 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ متاثرین کے لیے 396 ریلیف کیمپس قائم کیے گئے ہیں جہاں بنیادی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ سیلاب سے جانوروں کو بھی شدید خطرات لاحق ہوئے، تاہم 19 لاکھ ایک ہزار مویشیوں کو بروقت محفوظ مقامات پر منتقل کر لیا گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں اور مقامی انتظامیہ تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے تاکہ متاثرہ افراد کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

مزیدخبریں