واشنگٹن : امریکی جریدے "فارن افیئرز" نے اپنی تازہ رپورٹ میں تسلیم کیا ہے کہ بھارت پر اعتماد کرنے کی امریکی پالیسی کامیاب نہیں ہو سکی۔ رپورٹ کے مطابق بھارت نہ تو کبھی امریکا کا سچا اتحادی رہا ہے، اور نہ ہی اس نے امریکی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کی۔
جریدے نے کہا ہے کہ اب وقت آ گیا ہے کہ امریکا اپنی پالیسی پر نظرِ ثانی کرے اور پاکستان کو خطے میں اپنا اسٹریٹجک پارٹنر بنائے، کیونکہ پاکستان زیادہ قابلِ بھروسہ ملک ہے۔
رپورٹ میں اس بات کو بھی اجاگر کیا گیا ہے کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف کوششوں اور بھارت کے ساتھ کشیدگی کم کرنے کے رویے کو سراہ چکے ہیں۔
فارن افیئرز کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ساتھ تجارتی اور توانائی کے شعبوں میں تعاون دونوں ممالک کے لیے فائدہ مند ہو سکتا ہے، خاص طور پر ریکوڈک جیسے منصوبوں میں امریکی سرمایہ کاری خطے میں استحکام لا سکتی ہے۔
رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ اگر امریکا صرف بھارت پر انحصار کرتا رہا تو اس سے نہ صرف پاکستان بدظن ہوگا بلکہ پورے خطے میں امریکی اثر و رسوخ بھی کمزور پڑ جائے گا۔
مزید یہ کہ پاکستان کی نئی قومی سلامتی پالیسی میں امریکا اور چین کے ساتھ متوازن تعلقات کو ترجیح دی گئی ہے، اور پاکستان ماضی میں بھی ان دونوں بڑی طاقتوں کے درمیان پل کا کردار ادا کرتا رہا ہے۔