پانی کو بطور ہتھیار استعمال نہ کیا جائے، عالمی برادری کو پاکستان کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا ، عاصم افتخار

09:59 AM, 12 Sep, 2025

نیویارک :  اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار نے اقوام متحدہ کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں آنے والی حالیہ تباہ کن بارشوں اور سیلاب کا ایک بڑا سبب بھارت کی طرف سے پانی کے غیر اعلانیہ اخراج اور سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزیاں ہیں۔

انہوں نے عالمی برادری کو خبردار کیا کہ بھارت نے پانی جیسے قدرتی وسیلے کو ہتھیار کے طور پر استعمال کیا ہے، جس کے نتیجے میں پاکستان کو بھاری جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا۔ سیلاب نے لاکھوں افراد کو متاثر کیا، کھڑی فصلیں تباہ ہو گئیں، اور لوگ بے گھر ہو گئے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت سندھ طاس معاہدے کے تحت روزانہ کی بنیاد پر پانی کا ڈیٹا فراہم کرنے کا پابند ہے، مگر اس میں مسلسل کوتاہی کی جا رہی ہے، جو بین الاقوامی اعتماد کو مجروح کرتی ہے۔

 اسی اجلاس میں، جب قطر پر اسرائیلی حملے کا ذکر آیا تو پاکستان نے صاف اور دوٹوک مؤقف اختیار کیا۔ سفیر عاصم افتخار نے کہا کہ:"اسرائیل نے قطر جیسے ثالث پر حملہ کرکے امن کوششوں کو نقصان پہنچایا، یہ عالمی قانون کی صریح خلاف ورزی ہے۔"
انہوں نے اسرائیلی مندوب کی جانب سے پاکستان پر دیے گئے غلط اور گمراہ کن بیانات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ:"یہ ناقابلِ قبول ہے کہ ایک قابض اور جارح ملک، جو خود بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں اڑا رہا ہے، اقوام متحدہ جیسے باوقار فورم کو استعمال کر کے دوسروں پر الزام تراشی کرے۔"
پاکستانی مندوب نے کہا کہ اسرائیل اپنی ظالمانہ کارروائیوں پر پردہ ڈالنے کے لیے الزام تراشی کا سہارا لیتا ہے، مگر اب پوری دنیا جان چکی ہے کہ اصل مظلوم کون ہے اور اصل ظالم کون۔انہوں نے یاد دلایا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں صفِ اول کا کردار ادا کیا، اور اس جنگ میں ہزاروں جانیں قربان کیں۔

عاصم افتخار نے سلامتی کونسل کو خبردار کیا کہ پاکستان کسی ایسے ملک کے الزامات کو برداشت نہیں کرے گا جو خود ریاستی دہشت گردی، ظلم و ستم اور قبضے میں ملوث ہو — جیسا کہ اسرائیل فلسطین اور غزہ میں دہائیوں سے کرتا آ رہا ہے۔

مزیدخبریں