میجر عزیز بھٹی شہید کا 60واں یومِ شہادت، قوم کی جانب سے خراجِ عقیدت پیش

09:42 AM, 12 Sep, 2025

راولپنڈی : 1965ء کی جنگ میں دشمن کے سامنے چٹان کی طرح کھڑے ہونے والے قومی ہیرو میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کو آج ان کے 60ویں یومِ شہادت پر پوری قوم کی جانب سے خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

میجر عزیز بھٹی شہید 16 اگست 1928 کو ہانگ کانگ میں پیدا ہوئے۔ قیام پاکستان سے پہلے ان کا خاندان واپس آ کر ضلع گجرات کے گاؤں لادیاں میں آباد ہوا۔ وہ پاک فوج میں شامل ہوئے اور 17 پنجاب رجمنٹ میں کمیشن حاصل کیا۔

1965ء کی جنگ کے دوران جب بھارت نے لاہور پر حملہ کیا تو میجر عزیز بھٹی کو برکی سیکٹر میں دشمن کو روکنے کی ذمہ داری سونپی گئی۔ انہوں نے اپنے جوانوں کے ساتھ فرنٹ لائن پر ڈٹ کر مقابلہ کیا۔

6 ستمبر سے 12 ستمبر تک چھ دن اور راتیں انہوں نے دشمن کے مسلسل حملے برداشت کیے، اور دشمن کو ایک قدم بھی آگے نہ بڑھنے دیا۔ آخرکار 12 ستمبر کو دشمن کے ایک ٹینک کا گولہ ان کے کندھے پر لگا اور وہ جامِ شہادت نوش کر گئے۔

ان کی شجاعت پر پاکستان نے انہیں سب سے بڑا فوجی اعزاز "نشانِ حیدر" عطا کیا۔افواجِ پاکستان کی قیادت نے میجر عزیز بھٹی شہید کی قربانی کو ایمان، جرات اور وفاداری کی روشن مثال قرار دیا۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور دیگر اعلیٰ افسران نے کہا کہ شہید نے جس بہادری سے لاہور کا دفاع کیا، وہ ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

گجرات میں شہید کے مزار پر خصوصی تقریب منعقد ہوئی، جس میں میجر جنرل اظہر یاسین نے شرکت کی، پھول چڑھائے، فاتحہ پڑھی گئی اور ملک کی سلامتی کے لیے دعا کی گئی۔

مزیدخبریں