پاکستان اپنے قومی مفادات، علاقائی خودمختاری اور سلامتی کا ہر قیمت پر دفاع کرے گا، صدرزرداری

12:30 PM, 12 Oct, 2025

اسلام آباد: پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے افغانستان کی جانب سے ہونے والی جارحیت پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنے قومی مفادات، علاقائی خودمختاری اور سلامتی کا ہر قیمت پر دفاع کرے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کبھی بھی کشمیر کے بارے میں بھارت کے غیر قانونی دعوے کو تسلیم نہیں کرے گا اور عالمی قوانین کے مطابق اس مسئلے کا حل ضروری ہے۔

صدر زرداری نے افغان قیادت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ افغانستان نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی آزادی کی جدوجہد کی حمایت نہیں کی، جس سے وہ نہ صرف تاریخ کے ساتھ بلکہ امت کے ساتھ بھی ناانصافی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغان سرزمین سے دہشت گرد گروہوں کے حملے پاکستان کے شہریوں اور سکیورٹی فورسز کے لیے بڑا خطرہ بنے ہوئے ہیں، اور یہ بات اقوامِ متحدہ کی رپورٹوں سے بھی ثابت ہے۔

صدر نے افغان حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ پاکستان مخالف دہشت گرد گروپوں کے خلاف سخت کارروائی کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ایک مشترکہ ذمہ داری ہے، اور اس کا بوجھ صرف ایک ملک پر نہیں ڈالا جا سکتا۔

پاکستان کی جانب سے افغان عوام کی میزبانی اور تعاون کا ذکر کرتے ہوئے صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان نے چالیس سال تک افغان عوام کی میزبانی کی ہے اور امن کے قیام کے بعد افغان شہریوں کی باعزت واپسی دونوں ملکوں کے مفاد میں ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان اپنی خودمختاری پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کرے گا، اور افغانستان کے ساتھ تجارتی اور معاشی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کی ہے۔

صدر زرداری نے آخر میں کہا کہ پاکستان ایک مستحکم، پرامن اور خوشحال افغانستان کا خواہاں ہے، اور دونوں ممالک کے تعلقات باہمی احترام، سکیورٹی تعاون اور خطے کے امن کی بنیاد پر استوار ہونے چاہئیں۔

مزیدخبریں