محسن نقوی کی افغانستان کی جانب سے پاکستانی علاقوں پر بلااشتعال فائرنگ کی سخت مذمت

11:41 AM, 12 Oct, 2025

اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے افغانستان کی جانب سے پاکستانی علاقوں پر بلااشتعال فائرنگ کی سخت مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ یہ کارروائیاں بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ وزیر داخلہ نے اپنے بیان میں کہا کہ افغان فورسز کی طرف سے شہری آبادی پر کی جانے والی فائرنگ پر پاکستان کی بہادر فورسز نے فوری اور مؤثر جواب دے کر ثابت کیا کہ کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

محسن نقوی نے مزید کہا کہ پاکستان کی فورسز مکمل طور پر چوکس ہیں اور افغانستان کو سخت جواب دیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کی جانب سے کیے جانے والے حملے "آگ و خون کا کھیل" ہیں اور ان کے پیچھے ہمارے دشمنوں کے ہاتھ صاف ہیں۔

وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ پاکستان کے عوام اپنی مسلح افواج کے ساتھ پوری قوت سے کھڑے ہیں، اور اگر افغانستان نے مزید اشتعال انگیز اقدامات کیے تو اسے بھارت کی طرح منہ توڑ جواب دیا جائے گا، تاکہ وہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہ کرے۔

مزیدخبریں