پاکستان نے دریائے سندھ کے پانی پر ثالثی عدالت کے فیصلے کا نوٹس لے لیا

11:49 AM, 12 Nov, 2025

اسلام آباد : پاکستان نے سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے بھارت کے خلاف شروع کی گئی ثالثی کارروائی کے دوران حالیہ فیصلوں کا خیرمقدم کیا ہے، جن میں یہ کہا گیا کہ بھارت کی غیر موجودگی کے باوجود ویانا میں طے شدہ شیڈول کے مطابق کارروائی جاری رکھی جائے گی۔

پاکستان کی وزارتِ خارجہ کے مطابق، ثالثی عدالت نے سندھ طاس معاہدے کے تحت بھارت کے خلاف پاکستان کی جانب سے شروع کی گئی کارروائی میں بعض اہم نکات پر وضاحت دی ہے۔ یہ وضاحت 8 اگست 2025 کو عدالت کی طرف سے جاری کیے گئے "عام تشریحی معاملات سے متعلق ایوارڈ" کے حوالے سے کی گئی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے اس فیصلے اور اس کے ساتھ جاری کردہ عملی احکامات کا نوٹس لیا ہے، جس میں کہا گیا کہ کارروائی کو مرحلہ وار جاری رکھا جائے گا اور اس دوران غیر جانب دار ماہر کی رہنمائی کو بھی مدنظر رکھا جائے گا۔

اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ بھارت کی درخواست پر غیر جانب دار ماہر کی زیر نگرانی کارروائی کا آغاز ہوا تھا، اور اس کا اگلا مرحلہ 17 سے 21 نومبر 2025 تک ویانا میں طے ہے۔ تاہم بھارت نے اپنی شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ پاکستان اس عمل میں مکمل نیک نیتی کے ساتھ شریک ہے۔

وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ غیر جانب دار ماہر نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ بھارت کی عدم شرکت کے باوجود کارروائی کی رفتار پر کوئی اثر نہیں پڑے گا، اور یہ عمل طے شدہ شیڈول کے مطابق جاری رہے گا۔

مزیدخبریں