اسلام آباد : پاکستان نے ترکیہ کے سی 130 طیارے کے المناک حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ "ہم اس سانحے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے خاندانوں کے ساتھ مکمل ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں، اور اس مشکل وقت میں پاکستان اپنے ترکیہ کے بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کرتا ہے۔"
بیان میں مزید کہا گیا کہ "پاکستان ترکیہ کے دکھ میں برابر شریک ہے اور ہم مرحومین کی مغفرت اور سوگوار خاندانوں کے لیے صبر جمیل کی دعا گو ہیں۔"
یاد رہے کہ ترک فضائیہ کا سی 130 طیارہ آذربائیجان اور جارجیا کی سرحد کے قریب گر کر تباہ ہو گیا تھا، جس میں 20 اہلکار جاں بحق ہو گئے۔ طیارہ آذربائیجان سے ترکیہ جا رہا تھا کہ کچھ دیر بعد سرحدی علاقے میں حادثے کا شکار ہوگیا۔
ترک خبر ایجنسی کے مطابق، ترک صدر رجب طیب اردوان نے انقرہ میں خطاب کرتے ہوئے اس حادثے پر دکھ کا اظہار کیا اور بتایا کہ امدادی ٹیمیں مقامی حکام کے ساتھ ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں۔ صدر اردوان نے شہیدوں کے لیے دعائیں بھی کیں۔