آزاد کشمیر : وادی نیلم میں موسمِ سرما کی پہلی بارش اور برفباری کے بعد سردی میں اچانک شدت آ گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ ہفتے کے دوران وادی کے بالائی علاقوں میں مزید بارش اور برفباری کی توقع ہے، جس سے سردی مزید بڑھنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب، 14 اگست کو نالہ جاگراں میں آنے والے کلاؤڈ برسٹ کے بعد متاثرہ علاقوں کی بحالی کا کام ابھی تک مکمل نہیں ہو سکا۔ سیاحتی مقام کنڈل شاہی واٹر فال اور کٹن جاگراں سمیت 25 ہزار سے زائد افراد کی آبادی کو ملانے والی اہم سڑکیں اور رابطہ پل اب تک بحال نہیں ہو سکے، جس کی وجہ سے مقامی لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
متاثرہ علاقوں کے رہائشیوں نے حکومت آزاد کشمیر اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر سڑکوں اور پلوں کی بحالی کا کام شروع کیا جائے تاکہ مقامی لوگوں کو مشکلات سے نجات ملے اور سیاحت کی سرگرمیاں بھی دوبارہ بحال ہو سکیں۔