ترک فضائیہ کا سی-130 طیارہ آذربائیجان اور جارجیا کی سرحد کے قریب حادثے کا شکار، 20 اہلکار جاں بحق

09:37 AM, 12 Nov, 2025

انقرہ : ترک فضائیہ کا سی-130 فوجی کارگو طیارہ آذربائیجان سے ترکیہ جاتے ہوئے آذربائیجان اور جارجیا کی سرحد کے قریب گر کر تباہ ہوگیا۔ طیارے میں سوار 20 اہلکار اس حادثے میں جاں بحق ہو گئے۔

ترک صدر رجب طیب اردوان نے انقرہ میں ایک تقریب کے دوران اس حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ طیارہ آذربائیجان سے ترکیہ آ رہا تھا کہ سرحد کے قریب حادثہ پیش آیا۔ انہوں نے کہا کہ امدادی ٹیمیں مقامی حکام کے ساتھ مل کر ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں اور شہداء کے لیے دعائیں کی جا رہی ہیں۔

ترک کمیونیکیشن ڈائریکٹر برہانیتن دوران نے بتایا کہ جیسے ہی حادثے کی اطلاع ملی، تلاش اور ریسکیو کا کام فوراً شروع کر دیا گیا۔ انہوں نے عوام سے درخواست کی کہ وہ غیرمصدقہ خبروں سے پرہیز کریں اور صرف حکام کی فراہم کردہ معلومات پر اعتماد کریں۔

یہ سانحہ ترکیہ سمیت پورے خطے میں غم کی لہر لے آیا ہے اور حکام اس حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کر رہے ہیں۔

مزیدخبریں