پاکستان کی کامیاب سفارت کاری: چین اور آسٹریا کے ساتھ اہم رابطے، ایران امریکہ کشیدگی کم کرانے پر پاکستانی کردار کی عالمی ستائش

09:54 PM, 12 May, 2026

اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے عالمی سفارتی محاذ پر پاکستان کا موقف بھرپور انداز میں پیش کرنے کے لیے اہم دوست ممالک سے رابطوں کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں انہوں نے چین اور آسٹریا کے وزرائے خارجہ سے ٹیلیفونک گفتگو کی جس میں علاقائی امن اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور چینی وزیر خارجہ وانگ ای کے درمیان تفصیلی گفتگو ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے خطے کی مجموعی سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے دونوں ممالک کا اشتراکِ عمل ناگزیر ہے۔ وانگ ای نے مشکل حالات میں پاکستان کی معاشی اور سیاسی پالیسیوں کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
آسٹریا کی وزیر خارجہ نے اسحاق ڈار سے گفتگو کے دوران مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا، تاہم انہوں نے ایران اور امریکہ کے درمیان جاری کشیدگی کو کم کرنے کے لیے پاکستان کے سفارتی کردار کو خصوصی طور پر سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا متوازن کردار عالمی امن کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ آسٹریا اور چین دونوں نے پاکستان کے ساتھ تجارتی اور سفارتی روابط مزید گہرے کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

مزیدخبریں