لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ وہ پنجاب کو خواتین کے لیے محفوظ ترین صوبہ بنانے کے مشن پر گامزن ہیں اور جلد ہی آن لائن ہراسمنٹ کے خلاف ایک جدید ترین سسٹم لانچ کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی (LCWU) کے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
عالمی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے انکشاف کیا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان جاری کشیدگی اگر جنگ میں بدل جاتی تو یہ تیسری جنگ عظیم کا پیش خیمہ ہوتی۔ پاکستان نے اس جنگ کو رکوانے اور عالمی طاقتوں کے درمیان مصالحت کرانے میں کلیدی اور مرکزی کردار ادا کیا ہے، جس پر ہمیں فخر ہے۔
مریم نواز نے معاشی چیلنجز کا ذکر کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ وہ عوام کی تکلیف سے بے خبر نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا تیل کی قیمتیں بڑھنے سے عوام کو مشکلات ضرور ہیں، لیکن اگر حکومت بروقت اور کڑے فیصلے نہ کرتی تو ملک میں بجلی اور پٹرول کا بڑا بحران پیدا ہو جاتا۔
اپنی سیاسی جدوجہد پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مخالفین کی تنقید اور مشکلات نے انہیں مزید مضبوط کیا ہے۔ انہوں نے طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کبھی بھی ملک کے خلاف اکسانے والوں کی باتوں میں نہ آئیں۔ قوم کی ترقی اتحاد میں ہے، جیسا کہ آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی سے ثابت ہوا۔ مشکلات انسان کو 'کندن' بناتی ہیں، اس لیے چیلنجز سے گھبرانے کی ضرورت نہیں۔
خواتین کے تحفظ کے حوالے سے وزیراعلیٰ نے خوشخبری دی کہ آن لائن ہراسمنٹ کو روکنے کے لیے ایک مکمل ڈیجیٹل سسٹم تیار کر لیا گیا ہے جو جلد ہی صوبے بھر میں فعال کر دیا جائے گا، تاکہ بیٹیاں بلا خوف و خطر اپنی تعلیم اور کیریئر پر توجہ دے سکیں۔
مخالفین نے مجھے بھٹی میں ڈال کر 'کندن' بنا دیا، اب کسی سے نہیں ڈرتی: وزیراعلیٰ مریم نواز
12:14 PM, 12 May, 2026