نیویارک/نئی دہلی :امریکی اخبار 'نیویارک ٹائمز' نے مودی حکومت کے ہندوتوا ایجنڈے اور بھارتی جمہوریت کی گرتی ہوئی ساکھ پر ایک مفصل رپورٹ شائع کی ہے، جس میں بھارت کو عملی طور پر ایک 'یک جماعتی ریاست' بننے کے خطرے سے دوچار قرار دیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق مودی کا انتہا پسندانہ نظریہ بھارتی وفاقیت اور جمہوری ڈھانچے کو تیزی سے تباہ کر رہا ہے۔
نیویارک ٹائمز نے مغربی بنگال کی صورتحال کو بھارتی جمہوریت کے تابوت میں آخری کیل قرار دیتے ہوئے لکھا ہے کہ مودی کی ہندو قوم پرست جماعت نے اپوزیشن کے مضبوط گڑھ مغربی بنگال میں سیاسی مداخلت اور طاقت کے بل بوتے پر جیت کا اعلان کیا۔ جمہوری عمل کو پسِ پشت ڈال کر سیاسی مخالفین کو دیوار سے لگایا جا رہا ہے۔ مغربی بنگال میں مودی کا بڑھتا ہوا اثر و رسوخ بھارتی جمہوریت کے منہ پر طمانچہ ہے۔
رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ بی جے پی کا اصل ہدف بھارت سے سیاسی تنوع کا خاتمہ اور اسے مکمل طور پر ہندو قوم پرست ریاست میں تبدیل کرنا ہے۔ امریکی جریدے نے واضح کیا کہ بھارت اب دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کہلانے کا حق کھو رہا ہے کیونکہ وہاں تمام ریاستی ادارے صرف ایک جماعت کے ایجنڈے کی تکمیل میں مصروف ہیں۔
امریکی جریدے کے مطابق مودی کا ہندوتوا ایجنڈا اب 'بے لگام' ہو چکا ہے، جس کے باعث بھارت میں اقلیتوں اور سیاسی مخالفین کے لیے زمین تنگ کر دی گئی ہے۔ رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ اگر یہ سلسلہ نہ رکا تو بھارت میں جمہوریت کا تصور مکمل طور پر ختم ہو جائے گا اور وہاں صرف آمریت کا راج ہوگا۔
مودی سرکار 'یک جماعتی آمریت' قائم کرنے کے قریب، امریکی میڈیا کے سنگین خدشات
12:45 PM, 12 May, 2026