اسلام آباد :پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان نئے مالی سال کے وفاقی بجٹ پر اہم ترین مذاکراتی دور کا آغاز ہونے جا رہا ہے۔ آئی ایم ایف کا وفد آج پاکستان پہنچے گا، جس کے بعد کل سے وزارتِ خزانہ کے حکام کے ساتھ باضابطہ بیٹھک ہوگی۔
وزارتِ خزانہ کے ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ مکمل طور پر آئی ایم ایف کی مشاورت اور شرائط کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا جا رہا ہے۔ مذاکرات کا بنیادی مقصد معاشی اہداف کو آئی ایم ایف کے پروگرام کے مطابق ہم آہنگ کرنا ہے تاکہ نئے قرضہ پروگرام کے حصول کو یقینی بنایا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف وفد کے ساتھ یہ مذاکرات تقریباً ایک ہفتے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ مذاکرات پاکستان کے لیے انتہائی اہم ہیں، کیونکہ بجٹ میں آئی ایم ایف کی تجاویز کو شامل کرنے سے ہی نئے اور بڑے بیل آؤٹ پیکیج کی منظوری ممکن ہو سکے گی۔ حکومت کی کوشش ہے کہ بجٹ تجاویز پر وفد کو مطمئن کر کے ملکی معیشت کو استحکام کی طرف لے جایا جائے۔
بجٹ 2026-27 کی تیاری آخری مراحل میں: آئی ایم ایف کا وفد آج اسلام آباد پہنچے گا، کل سے مذاکرات کا آغاز
11:45 AM, 12 May, 2026