تہران:ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکیوں کو مسترد کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ایران کی مسلح افواج کسی بھی مہم جوئی کا قلع قمع کرنے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے امریکی قیادت کو خبردار کیا کہ ایران کے خلاف طاقت کا استعمال امریکہ کے لیے ایک مہنگا سودا ثابت ہوگا۔
سپیکر محمد باقر قالیباف نے اپنے بیان میں امریکی معیشت اور عوام کو براہِ راست مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کی غلط حکمت عملی اور جارحانہ فیصلے ہمیشہ کی طرح اس بار بھی ناکامی سے دوچار ہوں گے۔ جنگ کی صورت میں امریکی حکومت کو اپنے ٹیکس دہندگان کا پیسہ بے دریغ بہانا پڑے گا، جس کی قیمت واشنگٹن کے وہم و گمان سے بھی زیادہ ہوگی۔
ایرانی اسپیکر نے واضح کیا کہ تہران کی جانب سے پیش کی گئی 14 نکاتی تجویز محض ایک آپشن نہیں بلکہ ایرانی عوام کے حقوق کے تحفظ کا واحد راستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ جتنا وقت ضائع کرے گا، حالات اتنے ہی اس کے قابو سے باہر ہوتے جائیں گے۔ ایران اپنے حقوق پر کسی قسم کا سمجھوتہ کرنے کو تیار نہیں ہے۔
صدر ٹرمپ کی جانب سے "پراجیکٹ فریڈم" کی بحالی اور قومی سلامتی کے اجلاس کی خبروں پر تبصرہ کرتے ہوئے ایرانی قیادت نے پیغام دیا ہے کہ ان کی دفاعی صلاحیتیں کسی بھی جارحیت کو ناکام بنانے کے لیے کافی ہیں۔
امریکی جارحیت کا جواب دینے کے لیے تیار ہیں'، 14 نکاتی امن فارمولا آخری حل قرار:تہران کا واشنگٹن کو الٹی میٹم
09:57 AM, 12 May, 2026