کراچی: پاکستانی شوبز کی مقبول اداکارہ ہانیہ عامر ایک مرتبہ پھر سوشل میڈیا صارفین کی توجہ کا مرکز بن گئی ہیں، لیکن اس بار وجہ ان کا کوئی نیا پراجیکٹ نہیں بلکہ انسٹاگرام اکاؤنٹ میں کی گئی اچانک تبدیلیاں ہیں۔
ملک اور بیرونِ ملک بڑی فین فالوونگ رکھنے والی ہانیہ عامر کو پاکستان کی مقبول ترین اداکاراؤں میں شمار کیا جاتا ہے، جبکہ سوشل میڈیا پر ان کے مداحوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
ہانیہ عامر اپنی کامیاب ڈرامہ سیریلز کے ساتھ ساتھ نجی زندگی کی وجہ سے بھی اکثر خبروں کی زینت بنتی رہتی ہیں۔ خاص طور پر گلوکار عاصم اظہر کے ساتھ ان کے تعلقات سے متعلق قیاس آرائیاں ایک عرصے سے زیرِ بحث ہیں۔
حال ہی میں اداکارہ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ کی پروفائل تصویر تبدیل کرتے ہوئے شناختی کارڈ والی تصویر لگائی، جس نے مداحوں کو حیران کر دیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے اپنی کئی پرانی پوسٹس بھی ڈیلیٹ یا آرکائیو کر دیں، جس کے بعد ان کے اکاؤنٹ پر محدود تعداد میں پوسٹس باقی رہ گئی ہیں۔
ہانیہ کے اس نئے انداز پر سوشل میڈیا پر دلچسپ تبصرے دیکھنے میں آئے۔ بعض مداحوں نے ان کی شناختی کارڈ تصویر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ عام لوگ ایسی تصاویر میں اچھے نہیں لگتے، جبکہ کچھ صارفین نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ شاید صرف ہانیہ عامر ہی شناختی کارڈ کی تصویر میں بھی ماڈلنگ کر سکتی ہیں۔
دوسری جانب کچھ افراد نے اسے توجہ حاصل کرنے کا طریقہ قرار دیا، تاہم مداحوں کی بڑی تعداد نے اداکارہ کے اس منفرد انداز کو سراہا اور اسے جرات مندانہ قدم قرار دیا۔
اسی دوران کئی سوشل میڈیا صارفین نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ آیا ہانیہ عامر سب خیریت سے ہیں یا نہیں۔