مصطفیٰ عامر اغوا و قتل کیس: ارمغان اور شیراز کے خلاف 40 سے زائد گواہان پر مشتمل عبوری چالان جمع

03:41 PM, 12 May, 2025

کراچی:کراچی میں نوجوان مصطفیٰ عامر کے لرزہ خیز اغوا اور قتل کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، پولیس نے ملزمان ارمغان اور شیراز کے خلاف عبوری چالان انسداد دہشت گردی عدالت میں دوبارہ جمع کرا دیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق، پہلے جمع کرائے گئے چالان پر پراسیکیوشن کی جانب سے اٹھائے گئے اعتراضات دور کر دیے گئے ہیں، جس کے بعد ترمیم شدہ عبوری چالان عدالت میں پیش کیا گیا ہے۔ چالان میں بتایا گیا ہے کہ ارمغان اور شیراز کے خلاف 40 سے زائد گواہوں کے بیانات قلمبند کیے گئے ہیں۔

عدالتی دستاویزات کے مطابق، دو عینی شاہدین نے عدالت کے سامنے ملزمان کی شناخت کی ہے اور ان کے بیانات دفعہ 164 کے تحت ریکارڈ کیے جا چکے ہیں۔ گواہوں نے واضح طور پر ارمغان اور شیراز کو مصطفیٰ عامر کے اغوا اور قتل میں ملوث قرار دیا ہے۔

چالان میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ارمغان نے مصطفیٰ کو اپنے گھر بلا کر بدترین تشدد کا نشانہ بنایا، بعد ازاں شیراز کے ساتھ مل کر مقتول کو اس کی گاڑی میں بٹھا کر بلوچستان لے جایا گیا، جہاں اسے زندہ جلا کر قتل کر دیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ کیس کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور جلد مزید شواہد عدالت کے سامنے پیش کیے جائیں گے۔

مزیدخبریں