سیالکوٹ : وزیراعظم شہباز شریف نے ممتاز دینی و سیاسی رہنما سینیٹر پروفیسر ساجد میر کے انتقال پر سیالکوٹ میں ان کی رہائش گاہ جا کر اہلِ خانہ سے اظہارِ تعزیت کیا۔ وزیراعظم کے ہمراہ وفاقی وزراء احسن اقبال اور اعظم نذیر تارڑ بھی موجود تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پروفیسر ساجد میر نہ صرف ایک مدبر سیاستدان تھے بلکہ ایک جید عالم دین بھی تھے، جنہوں نے ہمیشہ فرقہ واریت اور انتہا پسندی کے خلاف آواز بلند کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی وفات سے ملک ایک بڑے اور سنجیدہ رہنما سے محروم ہو گیا ہے۔ وزیراعظم نے مرحوم کے لیے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ان کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبر عطا کرے۔
بعد ازاں وزیراعظم چودھری ارشد وڑائچ (مرحوم) کے گھر بھی گئے اور ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔ وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ وہ اس دکھ کی گھڑی میں لواحقین کے ساتھ کھڑے ہیں، اور دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنی جوارِ رحمت میں جگہ دے۔