واشنگٹن : امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کا کہنا ہے کہ امریکہ چاہتا ہے کہ پاکستان اور بھارت آپس میں براہ راست بات چیت کریں اور باہمی تعلقات کو بہتر بنانے کی کوششیں جاری رکھیں۔
انہوں نے یہ بات برطانیہ کے وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ دونوں رہنماؤں نے جنوبی ایشیا میں جاری کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا اور پاکستان و بھارت پر زور دیا کہ وہ رابطے قائم رکھیں اور جنگ بندی کا احترام کریں۔ مارکو روبیو نے اس حوالے سے جرمن چانسلر فریڈرک مرز سے بھی علیحدہ گفتگو کی اور یوکرین جنگ پر امریکہ کے مؤقف کی تائید حاصل کی۔
واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ جھڑپیں کارگل جنگ (1999) کے بعد بدترین کشیدگی تصور کی جا رہی ہیں۔ 10 مئی کی شام فریقین نے جنگ بندی کا اعلان کیا، لیکن اس کے باوجود بھارت نے ایل او سی پر فائرنگ جاری رکھی۔