قصور کے کھڈیاں خاص میں شہداء کی غائبانہ نماز جنازہ ادا

10:56 AM, 12 May, 2025

قصور : قصور کے علاقے کھڈیاں خاص میں بھارتی جارحیت کے دوران شہید ہونے والے پاکستانیوں کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں ہزاروں شہریوں نے شرکت کی اور شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

نماز جنازہ کا اہتمام مقامی ہائی اسکول گراؤنڈ میں کیا گیا، جہاں سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان، وفاقی وزیرِ مملکت ملک رشید احمد خان اور رکنِ صوبائی اسمبلی ملک سعید احمد خان سمیت اعلیٰ فوجی افسران، بیوروکریٹس اور پولیس حکام بھی موجود تھے۔

اس موقع پر شہداء کے لیے ایصالِ ثواب کی دعا کی گئی اور ملک میں امن و سلامتی کے لیے اجتماعی دعائیں بھی مانگی گئیں۔ عوام نے مکمل یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے شہداء کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔

سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ "ہم اپنے شہداء کو کبھی فراموش نہیں کریں گے، جنہوں نے وطن کی خاطر جانوں کا نذرانہ دیا۔ یہ ہمارے اصل ہیرو ہیں اور ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔"

مزیدخبریں