پاکستان کا وار،دشمن فرار۔۔۔پاک فوج زندہ باد

09:13 AM, 12 May, 2025

آخر ہمارے صبرکا پیمانہ لبریزہوا اور پاک فوج نے نماز فجر کی ادائیگی کے ساتھ ہی اپنا دوسرا بڑا فرض بھی ادا کردیا۔اللہ ہو اکبر کے نعروں کی گونج میں بھارت کی فضائوں میں جانے والے الفتح ون میزائل نے فتح کے جھنڈے گاڑ دیئے اوربھارت کی چیخیں پوری دنیا نے سنیں،کل تک پہلگام واقعہ کوجواز بناکرپاکستان پرڈرونز حملے اور میزائل حملے کرنے والے بھارت کومنہ توڑ جواب بھی مل گیا اور دنیا بھر نے پاکستان کے جواب کو تسلیم بھی کرلیا کہ بھارت کے ساتھ ایسا ہی کرنا مقصود تھا ورنہ اس کا شوشرابہ بند نہیں ہونا تھا۔بھارتی میڈیا نے تو جھوٹ کے انبارہی لگادیئے تھے کہ ہماری سینا نے یہ کردیا ہماری سینا نے وہ کردیااب ان کو بھی اپنی سینا کی سنیاسی سمجھ میں آ گئی ہوگی۔پاک فوج دنیاکی بہترین فوج ہے اس میںشک کی کوئی گنجائش باقی نہیں رہی۔پاک فوج نے ہرمحاذپر پاکستان اور پاکستانی عوام کا سرفخر سے بلندکیا ہے اور کرتی رہے گی۔پاک فضائیہ کے شاہینوں نے فرانس کے تیارکردہ طیارے رافیل کوزمین کی دھول چٹا کرثابت کردیا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ ساتھ اس کے استعمال کا ہنر اور حوصلہ بھی ہونا لازمی ہے جو پاک فوج کے جوانوں میں کوٹ کوٹ کربھرا ہے۔فرانس بھی اپنی ٹیکنالوجی کوبہترین اوربھارتی پائلٹوں کوہی نکما کہہ رہاہے۔آج دنیا پاکستان کی جوابی کارروائی سے جان چکی ہے کہ پاکستان کادفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے اور جو کوئی بھی اس کی طرف میلی آنکھ سے دیکھے گا اس کی آنکھ دیکھنے کے قابل نہیں رہے گی۔اس معرکہ سے پاکستان کی جرأت اور چین کی جدید ٹیکنالوجی سے بھی دنیا باخبرہوگئی ہے جسے طاقت کاتوازن بھی تبدیل ہوتا نظرآرہا ہے کل تک جو لوگ اپنی ٹیکنالوجی پر فخر کررہے تھے ان کو بھی یہ باورہوگیا ہے کہ اب ایک نئی طاقت بھی جدیداسلحہ وٹیکنالوجی کی دوڑ میں شامل ہوگئی ہے اس میں کوئی شک نہیں کہ پاک فوج نے بڑی مہارت سے چینی ٹیکنالوجی کا استعمال کیا ہے اور سب کو بتا دیا ہے کہ ہم ہرٹیکنالوجی کو استعمال کرنا جانتے ہیں اور اپنے وطن عزیز کا دفاع کرنا بھی بخوبی جانتے ہیں۔عالمی طاقتیں دنیا میں امن کے نام پر ہتھیار سازی کررہی ہیں اور سب ملکوں کواپنااسلحہ فروخت کررہی ہیں۔پاکستان بھی چین کے ساتھ مل کرمشترکہ طورپر اس پر کام کررہا ہے اور اس جنگ میں پاکستان کی فتح کے بعد چینی اسلحہ کی عالمی مارکیٹ میں ویلیو بڑھ گئی ہے مگر یہ بات کئی چوہدریوںکو ہضم نہیں ہورہی ہے۔ہوسکتا ہے اس کے پیچھے بھی ان طاقتوں کا ہی ہاتھ ہو جو پوری دنیامیں امن کے نام پر ہتھیاروں کے بڑے بیوپاری ہیں۔یہ پاک بھارت جنگ امریکی نائب صدرجے ڈی وینس کے دورہ بھارت کے بعدشروع ہوئی اس دوران پاکستان کی بہادرافواج نے درجنوں ’’بھارتی ڈرونزاسرائیل ساختہ‘‘  تباہ کیے اور ساتھ ساتھ پاکستان  دنیا کو بھارت کی اوچھی حرکتوں سے بھی آگاہ کرتا رہا۔ڈی جی آئی ایس پی آر احمد شریف چوہدری نے بڑے ہی اچھے انداز میں پاکستان کا مقدمہ دنیا بھر میں لڑا  اور دنیا کوبتا دیا کہ بھارت ہی امن کا دشمن ہے اور خطے کیلئے ایک خطرہ بن چکاہے۔پاکستان کے دوست ممالک سعودی عرب،ایران،قطر،یواے ای ودیگر نے بہترین ثالثی کاکردار ادا کیا مگر بھارت آخرکار منہ توڑجواب ملنے کے بعد خاموش ہوگیا اورمذاکرات کی ٹیبل پرآگیا۔امریکی صدر ٹرمپ نے پاکستان اور بھارت کو سیز فائر پرراضی کر لیاہے۔ 12مئی کوہونے والے مذاکرات سے مکمل امن کادامن جڑاہواہے۔ امیدہے کہ یہ سیز فائرمستقل جنگ بندی ہی ہوگی اوریہ بھی امیدہے کہ آئندہ پھربھارت کوئی ڈرامہ نہیں کرے گا۔

مزیدخبریں