ایف سی بلوچستان(سائوتھ) عوام دوستی کی درخشاں مثال

09:09 AM, 12 May, 2025

ایف سی بلوچستان(سائوتھ) سرحدوں کی نگہبانی سے لیکر عوام کی خدمت تک جو قابل ستائش کردار ادا کر رہی ہے، اس کو لفظوں میں بیان یا تحریر کرنا ممکن نہیں۔ جنوبی بلوچستان میں ترقی اور خوشحالی میں ایف سی بلوچستان(سائوتھ) کا کردار کسی تعارف کا محتاج نہیں، اس نے نہ صرف سرحدی حفاظت اور امن و امان کی بحالی کی اپنی بنیادی ذمہ داریوں کو انتہائی بہترین اور مؤثر انداز میں پورا کیا، بلکہ مقامی لوگوں کی فلاح و بہبود اور علاقے کی ترقی کے لیے بھی انتھک کام کیا ہے۔ جنوبی بلوچستان کے دور افتادہ علاقوں میں تعلیم کی ترسیل، پینے کے صاف پانی کی فراہمی، صحت کی سہولیات اور مختلف اوقات میں آنے والی قدرتی آفات میں گراں قدر خدمات سرفہرست ہیں۔ گذشتہ ماہ اپریل 2025 میں ایف سی بلوچستان (سائوتھ) کی جانب سے جنوبی بلوچستان میں عوامی فلاح و بہبود کی 1391 مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا، جن میں 35 کھلی کچہریوں اور جرگوں کا انعقاد شامل ہے، جن میں مقامی افراد کے مسائل کو سنا گیا۔ جنوبی بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں، جہاں طبی سہولیات کا فقدان ہے، میں 257 فری میڈیکل کیمپس لگائے گئے، جن میں دشت، مند، آواران، پنجگور (جیرک۔ چیدگی) خاران اور ماشکیل کے علاقے شامل ہیں۔ ان میڈیکل کیمپوں میں ماہر ڈاکٹر وں اور پیرامیڈیکل سٹاف کی زیر نگرانی مجموعی طور پر 10155 مریضوں کو مفت علاج و معالجے کی سہولیات فراہم کی گئیں۔ مریضوں کو طبی معائنے اور لیبارٹری ٹیسٹوں کی سہولیات کے ساتھ ساتھ مفت ادویات بھی مہیا کی گئیں۔ خواتین کے خصوصی چیک اپ کے لیے پاکستان آرمی کی ماہر گائنا کالوجسٹ کی خصوصی خدمات بھی فراہم کی گئیں۔ اسی طرح کھیلوں کے حوالے سے مختلف علاقوں، جس میں دشت، مند، مکران، سامی، مشکیچہ، تفتان اور ماشکیل شامل ہیں، میں 26 سپورٹس ٹورنامنٹس کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔ جن کا مقصد کھیلوں کا فروغ اور نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا تھا، کیونکہ کھیلوں کی اہمیت صرف تفریح تک محدود نہیں، بلکہ یہ نوجوانوں کو باہمی تعاون، ٹیم ورک اور قیادت کی اہمیت سکھانے کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ شعبہ تعلیم کے حوالے سے ایف سی بلوچستان (سائوتھ) نے مختلف تعلیمی اداروں جن میں مدرسہ انوار القرآن، گورنمنٹ بوائز پرائمری سکول شولی، گورنمنٹ گرلز مڈل سکول سامی، گورنمنٹ بوائز ہائی سکول پیدارک، گورنمنٹ مڈل سکول تنک، گورنمنٹ بوائز پرائمری واشک، کیڈٹ کالج خاران، گورنمنٹ پرائمری سکول دربینجہ، گورنمنٹ بوائز پرائمری سکول الہ آباد اور برائٹ فیوچر سکول ماشکیل شامل ہیں، میں 55 نصابی و غیر نصابی تقریبات کا انعقاد کیا، جن میں تقاریر، شاعری اور کھیلوں کے مقابلے شامل ہیں، جن کا مقصد طلبہ کی تعلیمی صلاحیتوں کو فروغ دینا اور غیر نصابی سرگرمیوں کو اجاگر کرنا تھا۔ علاوہ ازیں آئی جی ایف سی بلوچستان (سائوتھ) نے یونیورسٹی آف مکران، پنجگور کا دورہ کیا اور وہاں پر تعلیمی ماحول اور سہولیات کا جائزہ لیا۔ دوسری جانب گورنمنٹ گرلز ہائی سکول شیخانی اور گرلز ہائی سکول دانک کی طالبات نے ایف سی بلوچستان (سائوتھ) ہیڈ کوارٹر تربت کا مطالعاتی دورہ کیا۔ فلاحی سرگرمیوں کے حوالے سے ایف سی سائوتھ نے مختلف علاقوں میں 749 سرگرمیوںکا انعقاد کیا، جو کہ بلیدہ، مکران، ہوشاب، پنجگور، خاران، دالبندین، تفتان اور ماشکیل سمیت متعدد پسماندہ اور دور افتادہ علاقوں میں سرانجام دی گئیں۔ جن میں مستحق خاندانوں میں مفت راشن کی تقسیم، پینے کیلئے صاف پانی کی فراہمی، طبی سہولیات، تعلیمی معاونت، کھیلوں کے میدانوں کی تعمیر، خدمت مرکز کی تزین وآرائش، آر او پلانٹ کی تنصیب، چیدگی باڈر پر انتظار گاہ، روزگار اور دیگر اہم سماجی خدمات شامل تھیں۔ جو فلاح و بہبود کے اس ویژن کا حصہ ہیں، جس کا مقصد معاشرے کے پسماندہ طبقے کو بہتر معیار زندگی فراہم کرنا، معاشرتی ناہمواریوں کا خاتمہ کرنا اور سماجی انصاف کو فروغ دینا ہے، کیونکہ سوشل ورک یا انسانی خدمت اور معاشرے کے غریب اور نادار لوگوں کے کام آنا بہت بڑی نیکی ہے اور اسلام نے اس کی تعلیم دی ہے۔ یہ جناب رسولﷺ کی سنت مبارک ہے اور آپﷺ نے دکھی انسانیت کی خدمت اور نادار لوگوں کے ہاتھ بٹانے کا بڑا اجر و ثواب بیان فرمایا ہے۔ ایف سی بلوچستان(سائوتھ) آپﷺ کی سنت مبارکہ پر پورے طریقے سے عمل پیرا ہے۔ جذبہ خدمت خلق کے تحت ضرورت مندوں، بزرگوں، بچوں اور معذور افراد کو زندگی کی بنیادی سہولیات فراہم کر کے انہیں خود کفیل بننے میں ان کی مدد کی جا رہی ہے۔ ایف سی بلوچستان (سائوتھ) کی تاریخ جرأت، بہادری، محبت، ایثار اور قربانیوں سے بھری پڑی ہے، جن پر ہزاروں صفحات پر مشتمل درجنوں کتب تحریر کی جا سکتی ہیں۔ ان تمام سرگرمیوں کے انعقاد پر مقامی افراد، طلبہ اور مریضوں نے ایف سی بلوچستان (سائوتھ) کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور ان اقدامات کو علاقے میں خوشحالی، امن اور ترقی کے جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔ بلاشبہ ملک کی سلامتی ہو یا دہشت گردی کے سائے ہوں، ایف سی بلوچستان(سائوتھ) کے جوانوں نے اپنی جانوں کی پروا نہ کرتے ہوئے لبیک کہتے ہوئے آگے بڑھ کر بلوچ عوام کی مدد کی ہے۔ آج مٹھی بھر ملک دشمن عناصر جنوبی بلوچستان میں بدامنی پھیلانے کی کوششوں میں مصروف مگروہ نہیں جانتے کہ جب تک ایف سی (سائوتھ) موجود ہے ان کے یہ حربے کبھی کامیاب نہیں ہونگے۔ آخر میں ایف سی(سائوتھ) کے جوانوں کے جذبات کی ترجمانی کے ساتھ اجازت۔
آخری دم بھی  تیرا دم ہی بھریں گے ہم تو
تیری خاطر اے وطن ہنس کے مریں گے ہم تو
جان ہاری بھی اگر پھر بھی نہ ہاریں گے تجھے
اے وطن پاک لہو دے کے سنواریں گے تجھے

مزیدخبریں