گورنر سندھ کی تبدیلی: اندرونی کہانی بے نقاب ، پیپلز پارٹی کی شرط اور ایم کیو ایم کی لاعلمی

03:27 PM, 12 Mar, 2026

کراچی/اسلام آباد : سندھ کی گورنر شپ میں اچانک تبدیلی محض ایک انتظامی فیصلہ نہیں بلکہ وفاق میں جاری سیاسی سودے بازی کا نتیجہ نکلی۔ اطلاعات کے مطابق، کامران ٹیسوری کی رخصتی کے پیچھے پیپلز پارٹی کے سخت تحفظات اور ایک اہم آئینی ترمیم کی حمایت شامل ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی اور گورنر ہاؤس کے درمیان سرد جنگ اس وقت شدت اختیار کر گئی جب وہاں ’کراچی کا مستقبل‘ کے عنوان سے سیمینار منعقد کیا گیا۔پیپلز پارٹی نے اس سیمینار کو صوبائی خودمختاری میں مداخلت قرار دیا تھا۔
 صدر آصف علی زرداری نے 28 ویں آئینی ترمیم پر حکومت کو اپنی حمایت فراہم کرنے کے بدلے گورنر سندھ کی تبدیلی کی شرط رکھی تھی، جسے وزیراعظم نے تسلیم کر لیا۔
دوسری جانب، اپنے نامزد گورنر کی تبدیلی پر ایم کیو ایم پاکستان نے شدید ردعمل دیتے ہوئے وفاقی حکومت پر عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے ۔  ترجمان ایم کیو ایم کے مطابق، انہیں اس اہم فیصلے پر بالکل اعتماد میں نہیں لیا گیا اور انہیں بھی یہ خبر میڈیا کے ذریعے ملی۔ ایم کیو ایم نے اس صورتحال کو اتحادی سیاست کے اصولوں کے منافی قرار دیتے ہوئے ہنگامی مشاورت شروع کر دی ہے اور جلد ہی اپنا سخت سیاسی موقف سامنے لانے کا اعلان کیا ہے۔

مزیدخبریں