مراد علی شاہ نے سندھ حکومت کی ایک سالہ کارکردگی رپورٹ کا اعلان کر دیا

03:56 PM, 12 Mar, 2025

کراچی:  وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے حکومت سندھ کی ایک سالہ کارکردگی رپورٹ پیش کی، جس میں انہوں نے حکومت کے مختلف اقدامات اور کامیابیوں کا ذکر کیا۔

وزیراعلیٰ سندھ کی زیرِ صدارت حکومت کا ایک سال مکمل ہونے پر ایک تقریب منعقد ہوئی، جس میں صوبائی وزراء، مشیران، ارکانِ اسمبلی، بیوروکریٹس اور سول سوسائٹی کے نمائندے شریک تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت نے اپنے قیادتی وژن کے مطابق کئی اہم منصوبوں کا آغاز کیا اور ان کا مقصد صوبے کی ترقی اور عوام کی فلاح ہے۔ انہوں نے ڈیجیٹلائزیشن کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے اس شعبے میں اہم پیشرفت کی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں ہاریوں کے لیے ڈیجیٹل ہاری کارڈ کا اجراء کیا گیا، جس سے ہاریوں کی رجسٹریشن کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے گزشتہ ایک سال میں 28 ارب روپے کسانوں کو دیے اور 13,428 طلباء کو گریجویٹ کیا۔

مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ سندھ حکومت نے 196 نئی سڑکوں کی سکیمز شروع کیں اور 2,500 کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر کی۔ علاوہ ازیں، 14 سرکاری عمارتوں کو سولرائز کیا گیا، جس سے توانائی کے استعمال میں 80 فیصد کمی واقع ہوئی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے اعلان کیا کہ سندھ حکومت رواں سال گندم نہیں خریدے گی کیونکہ صوبے کے پاس 1.3 ملین ٹن گندم موجود ہے اور اس کی کوالٹی بھی بہترین ہے۔

مزیدخبریں