سپریم کورٹ نے سپر ٹیکس سے متعلق اپیلوں کی منتقلی کا حکم دے دیا

03:55 PM, 12 Mar, 2025

اسلام آباد:  سپریم کورٹ نے اسلام آباد اور لاہور ہائیکورٹس میں سپر ٹیکس سے متعلق زیر التواء اپیلوں کو سپریم کورٹ منتقل کرنے کا حکم دیا ہے۔

سپریم کورٹ کے 5 رکنی آئینی بنچ کی سربراہی جسٹس امین الدین خان کر رہے تھے، جنہوں نے سپر ٹیکس کے نفاذ کے خلاف کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران وکلا نے بتایا کہ لاہور اور اسلام آباد ہائیکورٹس میں اسی نوعیت کی انٹرا کورٹ اپیلیں زیر التوا ہیں۔

نجی کمپنیوں کے وکیل مخدوم علی خان نے عدالت کو آگاہ کیا کہ سپریم کورٹ کے پاس آئینی طور پر یہ اختیار ہے کہ وہ زیر التواء مقدمات کو اپنے دائرہ کار میں منتقل کرے، اور آئینی ترمیم کے بعد اس اختیار کی وضاحت کی جا چکی ہے۔ جسٹس محمد علی مظہر نے سوال کیا کہ کیا مقدمات کی منتقلی کے لیے تحریری درخواست کی ضرورت ہوگی؟ وکیل مخدوم علی خان نے جواب دیا کہ مقدمات کی منتقلی کے لیے تحریری درخواست ضروری نہیں، عدالت سوموٹو اختیار کے تحت بھی مقدمات منتقل کر سکتی ہے۔

سپریم کورٹ نے اسلام آباد اور لاہور ہائیکورٹس میں زیر التواء اپیلوں کو سپریم کورٹ منتقل کرنے کا حکم دیا اور اس کے ساتھ ہی مخدوم علی خان نے سپر ٹیکس کے خلاف اپنے دلائل کا آغاز کیا۔ وکیل نے کہا کہ حکومت سپر ٹیکس کا نفاذ براہ راست نہیں کر سکتی، اور اس کے لیے غیر معمولی حالات کا ہونا ضروری ہے۔

بعد ازاں، عدالت نے کیس کی سماعت کل تک ملتوی کر دی، اور مخدوم علی خان کل بھی اپنے دلائل جاری رکھیں گے۔

مزیدخبریں