بجٹ 2026-27: ٹیکسوں میں بڑے ردوبدل کا امکان، پٹرولیم لیوی ہدف 1727 ارب روپے مقرر

12:40 PM, 12 Jun, 2026

اسلام آباد: وفاقی حکومت کے آئندہ مالی سال 2026-27 کے بجٹ میں ٹیکس نظام میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کی تجاویز سامنے آئی ہیں، جن کے تحت متعدد اشیاء مہنگی اور بعض میں ریلیف ملنے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق حکومت نے پٹرولیم لیوی کی مد میں تقریباً 1727 ارب روپے وصول کرنے کا ہدف مقرر کرنے کی تیاری کر لی ہے، جو آئندہ مالی سال کے ریونیو پلان کا اہم حصہ ہوگا۔

مجوزہ بجٹ میں مشروبات پر ٹیکسوں میں کمی، جبکہ زرعی شعبے پر ٹیکس نیٹ مزید وسیع کرنے کی تجاویز بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ چھوٹی گاڑیوں پر سیلز ٹیکس بڑھانے پر غور کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بیکری آئٹمز، کھاد اور کیڑے مار ادویات پر نئے ٹیکس عائد کیے جانے کا امکان ہے، جبکہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کی آمدن کو بھی ٹیکس کے دائرہ کار میں لانے کی تجویز دی گئی ہے۔

اسی طرح پراپرٹی سیکٹر پر عائد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی (FED) ختم کرنے کی سفارش بھی زیر غور ہے، جس سے ریئل اسٹیٹ مارکیٹ پر اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ دوسری جانب میک اپ اور کاسمیٹکس مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

وفاقی کابینہ کا اجلاس آج دوپہر 2:30 بجے ہوگا جس میں بجٹ 2026-27 کی منظوری دی جائے گی، جبکہ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب شام 3 بجے قومی اسمبلی میں بجٹ پیش کریں گے۔

ماہرین کے مطابق یہ بجٹ ٹیکس بیس بڑھانے اور مالی خسارے پر قابو پانے کے لیے اہم پالیسی تبدیلیاں لے کر آ سکتا ہے، تاہم حتمی فیصلے بجٹ پیش ہونے کے بعد سامنے آئیں گے۔

مزیدخبریں