احمد آبادطیارہ حادثہ، سوار تمام 242 افراد جان کی بازی ہار گئے

05:51 PM, 12 Jun, 2025

احمد آباد :بھارتی شہر احمد آباد میں ایئر انڈیا کے بوئنگ 787-8 ڈریم لائنر طیارے کے گر کر تباہ ہونے کے واقعے میں سوار تمام 242 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ یہ طیارہ لندن کے گٹ وک ایئرپورٹ جانے والا تھا اور مقامی وقت کے مطابق 1 بجکر 39 منٹ پر پرواز بھرتے ہی حادثے کا شکار ہو گیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق طیارہ احمد آباد کے ایک رہائشی علاقے میں موجود بی جے میڈیکل کالج کے ہاسٹل کی ڈائننگ ہال پر گر کر تباہ ہوا، جس سے ہاسٹل میں موجود کئی طالب علم بھی متاثر ہوئے۔ ابتدائی طور پر 30 سے زائد لاشیں اور زخمیوں کو بچایا گیا ہے، جبکہ ریسکیو آپریشنز جاری ہیں۔

ایئر ٹریفک کنٹرول کی جانب سے بتایا گیا کہ طیارے نے پرواز کے آغاز پر مے ڈے کال دی تھی، تاہم اس کے بعد کسی قسم کا جواب موصول نہیں ہوا۔ مسافروں میں 169 بھارتی، 53 برطانوی، سات پرتگالی اور ایک کینیڈین شہری شامل تھے۔

حادثے کے فوری بعد بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک ناقابل بیان المیہ ہے اور حکومت متاثرین کے اہل خانہ کی ہر ممکن مدد کرے گی۔ برطانیہ کی حکومت نے بھی بھارتی حکام کے ساتھ رابطہ قائم کر کے امدادی کارروائیوں کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔

حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق طیارے کو پرندے سے ٹکرانے کا سامنا ہوا، جس کے باعث انجن فیل ہو گئے۔

مزیدخبریں