احمد آباد :گجرات کے شہر احمد آباد میں آج ایک افسوسناک فضائی حادثہ پیش آیا، جہاں ایئر انڈیا کا مسافر طیارہ ٹیک آف کے فوراً بعد گر کر تباہ ہو گیا۔ یہ طیارہ لندن کے لیے روانہ ہو رہا تھا، لیکن ایئرپورٹ سے اڑان بھرنے کے کچھ ہی لمحوں بعد میگھانی نگر کے رہائشی علاقے میں گر گیا۔
حادثے کے فوراً بعد منظرعام پر آنے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ طیارے کے ٹکڑوں سے دھواں اٹھ رہا تھا اور علاقہ دھماکوں کی آواز سے گونج اٹھا۔ امدادی ٹیمیں، فائر بریگیڈ اور دیگر ایمرجنسی ادارے فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے۔
ابھی تک مسافروں کی تعداد کے حوالے سے مختلف اطلاعات سامنے آ رہی ہیں — کچھ رپورٹس کے مطابق طیارے میں 133 افراد سوار تھے، جبکہ بعض کا کہنا ہے کہ تعداد 242 یا اس سے بھی زیادہ ہو سکتی ہے۔ تاہم، سرکاری طور پر کسی جانی نقصان یا زخمیوں کی تصدیق نہیں کی گئی۔
حادثے کے بعد ایئرپورٹ کے اطراف کی تمام سڑکیں بند کر دی گئی ہیں، اور حکام نے عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ جائے حادثہ کے قریب نہ آئیں تاکہ امدادی کاموں میں خلل نہ ہو۔
ایوی ایشن حکام اور ایئر انڈیا نے واقعے کی مکمل تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ حادثہ کس وجہ سے پیش آیا۔