واشنگٹن : امریکی میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ اسرائیل کسی بھی وقت ایران کے خلاف بڑا حملہ کر سکتا ہے، اور اس حوالے سے اسرائیلی حکام نے امریکا کو پیشگی اطلاع بھی دے دی ہے۔
رپورٹس کے مطابق اسرائیل نے واضح کیا ہے کہ وہ ایران میں ایک بڑے فوجی آپریشن کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ اس ممکنہ کارروائی کے پیش نظر امریکا نے مشرق وسطیٰ میں موجود اپنے کچھ شہریوں کو فوری علاقہ چھوڑنے کی ہدایت جاری کر دی ہے، جبکہ امریکی محکمہ دفاع (پینٹاگون) نے مشرق وسطیٰ میں تعینات امریکی فوجیوں کے خاندانوں کو رضاکارانہ طور پر علاقہ چھوڑنے کی اجازت دے دی ہے۔
ذرائع کے مطابق اگر اسرائیل نے ایران پر حملہ کیا تو ایران جوابی کارروائی میں عراق میں موجود امریکی تنصیبات کو نشانہ بنا سکتا ہے۔
ادھر ایرانی وزیر دفاع پہلے ہی خبردار کر چکے ہیں کہ اگر ایران پر جنگ مسلط کی گئی تو اس کا سخت اور بھرپور جواب دیا جائے گا، اور ایران دشمن کو کئی گنا زیادہ نقصان پہنچانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ ایران خطے میں موجود تمام امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنانے کی طاقت رکھتا ہے۔