وزیراعظم شہباز شریف کا پارلیمانی عہدیداروں کی تنخواہوں میں اضافے پر نوٹس

10:22 AM, 12 Jun, 2025

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے چیئرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی اور ان کے ڈپٹی عہدیداروں کی تنخواہوں میں حالیہ غیر معمولی اضافے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے اس پر رپورٹ طلب کر لی ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر قومی اسمبلی سے تفصیلات مانگی ہیں تاکہ اس فیصلے کا جائزہ لیا جا سکے اور عوامی ردعمل و معاشی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے حتمی فیصلہ کیا جا سکے۔

یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب بجٹ سے صرف ایک دن قبل جاری کردہ نوٹیفکیشن کے تحت اسپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ کی ماہانہ تنخواہ 2 لاکھ 5 ہزار سے بڑھا کر 13 لاکھ روپے کر دی گئی، جو کہ تقریباً 500 فیصد اضافہ بنتا ہے۔ یہ اضافہ یکم جنوری 2025 سے مؤثر ہوگا۔

اس اقدام پر عوامی سطح پر سخت تنقید کی جا رہی ہے۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھی سوشل میڈیا پر ردعمل دیتے ہوئے اس تنخواہ اضافے کو "معاشی فحاشی" قرار دیا اور اس کی کھل کر مخالفت کی۔

مزیدخبریں