سابق امیرِ قطر کے انتقال پر آج ملک بھر میں قومی پرچم سرنگوں رکھا جائے گا

11:17 PM, 12 Jul, 2026

اسلام آباد: حکومتِ پاکستان نے قطر کے سابق امیر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کے انتقال پرآج 13 جولائی کو ملک بھر میں قومی یومِ سوگ منانے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ اس موقع پر قومی پرچم سرنگوں رکھا جائے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی منظوری کے بعد کابینہ ڈویژن نے یومِ سوگ سے متعلق باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق سابق امیرِ قطر کو خراجِ عقیدت پیش کرنے اور اظہارِ تعزیت کے طور پر ملک بھر میں قومی پرچم نصف سرنگوں رہے گا۔

پاکستان نے قطر کی حکومت، شاہی خاندان اور عوام سے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اس مشکل وقت میں مکمل یکجہتی اور ہمدردی کا یقین دلایا ہے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف دوحہ کا دورہ کریں گے، جہاں وہ قطر کی قیادت سے ملاقات کرکے سابق امیر کے انتقال پر تعزیت کریں گے۔

دورے کے دوران وزیراعظم کی امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ملاقات بھی متوقع ہے۔ اس موقع پر دونوں رہنما باہمی تعلقات، دوطرفہ تعاون اور دیگر اہم امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔

ذرائع کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سمیت وفاقی حکومت کی دیگر اہم شخصیات بھی وزیراعظم کے وفد میں شامل ہوں گی۔

مزیدخبریں