ایل پی جی سیکٹر کا حکومتی اصلاحات پر زور، قیمتوں کے تعین میں مشاورت کا مطالبہ

07:13 PM, 12 Jul, 2026

لاہور: ایل پی جی صنعت کے نمائندوں نے گیس کی قیمتوں کے تعین، کوٹہ تقسیم اور سپلائی کے نظام میں بہتری لانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ مؤثر اصلاحات کے بغیر صارفین اور صنعت کو درپیش مسائل کا خاتمہ ممکن نہیں۔

لاہور میں ہونے والے اجلاس میں ایل پی جی سیکٹر کو درپیش چیلنجز، ریگولیٹری معاملات اور مارکیٹ کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔ شرکا نے اس بات پر اتفاق کیا کہ شفاف پالیسیوں اور بہتر انتظامی نظام کے ذریعے ہی ملک بھر میں ایل پی جی کی محفوظ اور بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایل پی جی مارکیٹنگ ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ نے کہا کہ حکومت اور متعلقہ ادارے صنعت کے تحفظ اور صارفین کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری عملی اقدامات کریں تاکہ سپلائی کے نظام میں موجود رکاوٹیں دور کی جا سکیں۔

اس موقع پر حاجی نعمان نے مطالبہ کیا کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) ایل پی جی کی قیمتوں کا تعین یکطرفہ طور پر کرنے کے بجائے صنعت سے وابستہ تمام فریقین کو اعتماد میں لے۔ ان کا کہنا تھا کہ باہمی مشاورت سے کیے گئے فیصلے نہ صرف مؤثر ہوں گے بلکہ مارکیٹ کے تقاضوں سے بھی ہم آہنگ ہوں گے۔

اجلاس کے اختتام پر صنعت اور ریگولیٹری اداروں کے درمیان رابطوں کو مزید مضبوط بنانے کے لیے انڈسٹری کوآرڈی نیشن کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ شرکا کے مطابق یہ کمیٹی صنعت کے اجتماعی مؤقف کو متعلقہ حکام تک پہنچانے، مسائل کے حل میں پیش رفت اور پالیسی سازی کے عمل میں بہتر تعاون کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

مزیدخبریں