اسلام آباد: پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور پولیس کا مشترکہ آپریشن شعبان جاری ہے، جس کے دوران سران ٹنگی میں سیکیورٹی فورسز کی تازہ کارروائیوں میں مزید 4 خارجی دہشتگرد ہلاک کردیے گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فتنہ الخوارج کے خلاف جاری کارروائیوں میں اب تک آپریشن شعبان کے دوران ہلاک ہونے والے خارجیوں کی تعداد 71 ہوگئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے خارجی دہشتگردوں کے خلاف زمینی اور فضائی کارروائیاں مؤثر انداز میں جاری ہیں، جبکہ انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر آپریشنز بھی کیے جا رہے ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق 5 جولائی سے اب تک آپریشن شعبان اور دیگر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں مجموعی طور پر 109 خارجی دہشتگردوں کو ہلاک کیا جا چکا ہے۔
سیکیورٹی فورسز ملک میں امن و امان کے قیام اور دہشتگرد عناصر کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔