ملک بھر میں مون سون بارشوں کا نیا اسپیل، محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کر دیا

10:51 PM, 12 Jul, 2025

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ چند روز کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہو گا، جو 13 جولائی سے شدت اختیار کر سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق، اس وقت نمی والی ہوائیں ملک کے کئی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں، جبکہ اتوار کی شام سے ایک نیا مغربی ہواؤں کا سلسلہ بھی ملک میں متوقع ہے، جو بارشوں میں مزید اضافہ کرے گا۔

ممکنہ متاثرہ علاقے:
آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں 17 جولائی تک وقتاً فوقتاً بارشیں ہونے کا امکان ہے، جن میں بعض مقامات پر شدید بارشیں بھی ہو سکتی ہیں۔
خیبر پختونخوا کے کئی اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند علاقوں میں تیز بارشوں کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
اسلام آباد اور پنجاب کے بالائی و وسطی حصوں میں بھی 17 جولائی تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی توقع ہے، جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش ہو سکتی ہے۔
جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی 13 سے 17 جولائی کے دوران بارش کا امکان ہے۔
بلوچستان کے شمال مشرقی اور جنوبی اضلاع میں 13 سے 16 جولائی کے دوران ہلکی سے درمیانے درجے کی بارشیں متوقع ہیں، جبکہ چند علاقوں میں تیز بارشیں بھی ہو سکتی ہیں۔
سندھ کے مختلف مقامات، خصوصاً کراچی، میرپور خاص اور تھرپارکر میں 15 سے 17 جولائی تک درمیانی نوعیت کی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ممکنہ اربن فلڈنگ، لینڈ سلائیڈنگ اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کے خدشے کے پیش نظر حفاظتی اقدامات یقینی بنائیں۔

مزیدخبریں